سب جماعتوں کا اتفاق ہے کہ پاکستان الیکشن میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان الیکشن میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا اور سب جماعتوں نے بروقت انتخابات پر اتفاق کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں فاٹا ترمیمی بل کی منظوری کے بعد ایوان سے خطاب کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قانون منظور کرانے پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کی کوشش پچھلے 4 سال سے جاری تھی جو بالآخر نتیجہ خیز ثابت ہوئی، پیچیدہ مسائل کے باوجود اتفاق رائے سے یہ معاملہ طے پاگیا۔ وزیراعظم نے تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کی تقریر اور نواز شریف پر تنقید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان باتوں کا ذکر کیا گیا جن کی آج ضرورت نہ تھی، نفرت اور تنازع کی باتیں آج نہیں ہونی چاہئیں تھیں لیکن یکجہتی والے دن فلور پر متنازع باتیں کرنے سے جذبات مجروح ہوئے، دھرنا اور 4 حلقے کھولنے کی باتیں پہلے آ چکی ہیں، آج کے دن پاناما کیس کی بات کرنا اور کسی کو منی لانڈرر کہنا غیر اخلاقی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان الیکشن میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، سب جماعتوں نے الیکشن میں تاخیر نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے، ہمیں فاٹا کے عوام کا اعتبار حاصل کرنا ہے، یہ اعتماد صرف نعروں باتوں سے حاصل نہیں ہوگا، بلکہ فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے فاٹا کو تمام سہولیات فراہم کرنی ہیں، فاٹا کی ترقی کیلیے 10 سال میں 100 ارب روپے رکھنے کی رائے دی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ فاٹا کو وہ تمام سہولیات دینی ہیں جو باقی ملک کے عوام کو حاصل ہیں، قومی مسائل اتفاق رائے سے حل کرنے چاہئیں، پاکستان میں بدتمیزی کی سیاست اور اخلاق سے ہٹ کر باتیں کرنے کی کوئی جگہ نہیں، وقتی فائدے کے لئے ملک کا نقصان نہیں کرنا چاہیئے۔