Featuredاسلام آباد

فخر ہے ایک منی لانڈر وزیراعظم کو ہٹانے میں کامیاب ہوئے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے منی لانڈرنگ پر پوچھ کر کونسا غلط کام کیا اور جو منی لانڈرنگ کی حمایت کرتے ہیں ان کا ایمان کہاں گیا، تاہم مجھے فخر ہے ایک منی لانڈر وزیراعظم کو ہٹانے میں ہم کامیاب ہوئے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے آدھے قبائلیوں کو نقل مکانی کرنا پڑی، فاٹا بل منظور نہ کیا جاتا تو بہت انتشار پھیلتا، فاٹا کا انضمام کوئی آسان کام نہیں، فاٹا بل منظور کرکے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا، ہمیں سمجھ لینا چاہیئے کہ یہ آسان کام نہیں ہے اس میں مسائل آئیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ آپریشن کی وجہ سے فاٹا کے لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی، ہم عوام کے نمائندے ہیں، آج اگر ہم یہ فیصلہ نہ کرتے تو قبائلی علاقوں میں جو تناؤ اور خلاء پیدا ہو رہا تھا اس پر قابو پانا مشکل ہو جاتا تاہم اب انضمام کے مخالفین بل کی کمزوریاں اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دہشتگردی ہوئی، تباہی مچی اور لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، تاہم اب قوانین کے نفاذ میں جلدی کرنا ہوگی، پاکستان کے ہوتے ہوئے وہ پاکستانی نہیں تھے، انہیں اب سکھ کا سانس ملے گا۔ عمران خان نے کہا کہ 22 جماعتوں نے الیکشن میں کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے، ہم نے 4 حلقے کھلوانے کا غلط مطالبہ نہیں کیا تھا، ہم نے دھرنا اس لئے دیا تاکہ چاروں حلقوں میں تحقیقات ہوں، الیکشن میں دھاندلی کی بات کرنا کونسا غلط کام ہے جبکہ ہم نے دھرنا دیا کیوںکہ یہ سیاسی جماعت کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپائر اللہ ہوتا ہے، ہم صرف اللہ کو مانتے ہیں جبکہ ہم نے منی لانڈرنگ پر پوچھ کر کونسا غلط کام کیا، یہ پوچھنا کہ پیسہ کہاں سے اور کیسے آیا، کیا یہ جرم ہے تاہم جو منی لانڈرنگ کی حمایت کرتے ہیں ان کا ایمان کہاں گیا، مجھے فخر ہے ایک منی لانڈر وزیراعظم کو ہٹانے میں ہم کامیاب ہوئے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک رکن نے بیٹھ کر مجھ کو کہا تھا کہ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے اور آج میں دیکھ رہا ہوں کہ وہ رکن یہاں نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close