میرے خلاف طیارہ ہائی جیکنگ اوراقامہ کیس میں کوئی فرق نہیں، نوازشریف
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ میرے خلاف اقامہ اور ہائی جیکنگ والے مقدمے میں کوئی فرق نہیں اور دونوں ہی مقدمات کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پہلے ہائی جیکنگ کا الزام لگایا گیا اب خیالی تنخواہ اوراقامے کا کیس ہے، دونوں کیسز ایسے ہیں جوعوام کو سمجھ نہیں آئے، میرا آج بھی وہی موقف ہے جو اٹک قلعے میں تھا اورمیرے بیانیے کی جیت ہوگی۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جس نے کام کیا، ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، سی پیک لائے، بڑے بڑے موٹروے بنائے، پہلے رمضان المبارک میں 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اب بجلی نہیں جاتی، ہمیں کام کے لئے صرف ڈیڑھ دوسال ملے، 2016 میں پاناما شروع ہوگیا، پورے پانچ سال ملتے تو اور کام کرتے۔ جب کہ دوسری جماعتوں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، عمران خان بتائیں آج تک کون سا منصوبہ مکمل کیا ہے ؟
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے پارٹی میں مشاورت کریں گے،خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے سینیٹر کے بھائی کو وزیر اعلیٰ بنایا جارہا ہے، یہ تو بلی کو دودھ کی رکھوالی کے لیے رکھنے والی بات ہے۔