ریحام خان کی کتاب کب آئے گی ؟عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے خود ہی بڑا اعلان کر دیا
پاکستان میں عام انتخابات 2018سے قبل سیاسی منظر نامے پر دو ایسی کتابوں کا تذکرہ جاری ہے جن کا بلواسطہ یا بلا واسطہ موجودہ سیاسی صورتحال سے ہے ،آج کل سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی کی کتاب پربحث ومباحثہ جاری ہے ،اس کتاب کوغیرمعمولی اہمیت اس وقت ملی جب احتساب عدالت کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ اس کتاب پر قابل اعتبار قومی کمیشن بنا یا جائے اور قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے ۔اس کے بعد مختلف ٹاک شوز میں بھی اس کتاب کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں نواز شریف اس کتاب کو اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کررہے ہیں ۔دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب کا بھی بڑی بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے لیکن اب اس انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں کیونکہ اب یہ کتاب چند ہفتوں میں ہی مارکیٹ میں آجائے گی ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک سوشل میڈ یا صارف نے ریحام خان سے سوال کیا کہ آپ کی کتاب عام انتخابات سے قبل مارکیٹ میں آجائے گی تو اس پر جواب دیتے ہوئے ریحام خان نے صرف اتنا کہ ”جی“۔واضح رہے کہ کتاب پاکستانی قارئین کی آسانی کے لیے اردو میں بھی پبلش کیا جائے گا۔اس کتاب کے حوالے سے مبصرین کا کہنا ہے کہ ریحام خان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی اہلیہ کے طورپر اپنے تجربات بھی سامنے رکھیں گی جس سے عمران خان کو شدید دھچکا لگنے کا امکان ہے ۔