کچھ لوگ الیکشن ملتوی کرانے پرتلے ہوئے ہیں، نوازشریف
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہوئے ہیں لیکن یہ بڑا الیکشن ہوگا لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
احتساب عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے صحافیوں سے پوچھا کہ ’’کیا الیکشن ملتوی کروا رہے ہیں؟ ‘‘ ۔ اپنے سوال کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہیں ان کا پوچھ رہا ہوں، جس پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا الیکشن ملتوی ہورہے ہیں جس پران کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانے پرتلے ہوئے ہیں، ہرالیکشن میں اس طرح کے لوگ جاتے ہیں، لیکن یہ بڑا الیکشن ہوگا کیونکہ لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
نوازشریف کو خوش باش دیکھتے ہوئے ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ ’آج بہت خوش لگ رہے ہیں’، جس پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، انسان کو ہر حال میں خوش رہنا چاہیے، جس کا تکیہ اللہ پر ہو اُسے اللہ خوش رکھتا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ ‘چوہدری نثار اب شہباز شریف کے بیان پر بھی ردعمل دے رہے ہیں کیا کہیں گے’، جس پر نواز شریف نے کہا کہ مجھ سے آپ کس طرح کے سوال پوچھ رہے ہیں، لگتا ہے جج صاحب آنے لگے ہیں اب آپ لوگ ان کی طرف متوجہ ہوجائیں۔