ریحام خان 24 گھنٹے میں کتاب کی تردید کرکے معافی مانگیں، پی ٹی آئی نے ایسا اقدام کرنے کا اعلان کردیا کہ۔۔۔
تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب فحش مواد اور ذہنی اختراع پر مبنی ہے، وہ 24 گھنٹے میں کتاب کے مواد کی تردید کریں اور معافی مانگیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی کتاب الیکشن سے پہلے کیوں آ رہی ہے؟ اس کتاب کے پیچھے مجھے رائیونڈ نظرآتا ہے، کتاب فحش مواد اور ذہنی اختراع پر مبنی ہے، ایک عورت فحش مواد کی ایڈیٹنگ اپنے جوان بیٹے اور بیٹی سے کیسے کروا سکتی ہے؟ اس کتاب نے ملک میں خاندانی نظام کو تباہ کر دیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ریحام خان بتائیں کہ وہ لندن میں شہزادیوں کی طرح زندگی گزار رہی ہے ان کے اخراجات کون برداشت کرتا ہے؟ اپنی کتاب کے بارے میں 24 گھنٹے میں وضاحت پیش کریں، کتاب کے مواد کی تردید کریں اور معافی مانگیں ورنہ ہم قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی چاہئے کہ اس کتاب کا نوٹس لے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان پر 5 سال تک جھوٹے لوگ مسلط رہے اور اس عرصے میں ان کے سارے دعوے ناکام ہوئے، آج ایک ٹریلین کا سرکلر ڈیٹ سر پر کھڑا ہے، بڑے اداروں کو خسارے سے نہیں نکال سکے، یہ حکمران کہتے تھے 11 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے لیکن لوڈشیڈنگ نے شریف برادران کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے، پورا پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، شہباز شریف نے کہا تھا لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو اپنا نام بدلوں گا اب وہ اپنا نام شہباز سے شبانہ رکھ لیں، نواز شریف کو اسٹیبلشمنٹ کا سہارا لینے اور جھوڑے وعدوں پر معافی مانگنی چاہیے اور اپنی انتخابی مہم معافی سے شروع کرنی چاہیے۔