اسلام آباد
ٹانگ کے زخم میں انفیکشن کے باعث وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت ناساز
اسلام آباد: لندن میں علاج کے بعد سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں قیام پزیر وزیراعظم نواز شریف طبیعت کی ناسازی کے باعث اسلام آباد روانہ نہیں ہو سکیں گے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے کل اسلام آباد کے لئے روانہ ہونا تھا تاہم ٹانگ کے زخم میں انفیکشن کے باعث انہیں بخار ہو گیا ہےاور ڈاکٹرز نے انہیں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف ٹھیک ہوتے ہی اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف لندن میں اپنے علاج کے 48 دن بعد رواں ماہ کے آغاز میں لاہور پہنچے تھے اور وہیں سے تمام حکومتی امور کو دیکھ رہے ہیں جب کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی گورنر ہاؤس میں کی تھی۔