انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی کا آغازہوچکا ہے، نوازشریف
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی کا آغازہوچکا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں قبل ازانتخابات دھاندلی کا آغازہوچکا ہے، آغازاس دن ہوا جب مجھے مسلم لیگ کی صدارت سے ہٹایا گیا، مجھے زندگی بھر کے لئے نااہل کیا گیا، سینیٹ انتخابات میں ہمارے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ سے محروم کر دیا گیا، کیا کوئی ایسی مثال موجود ہے کہ پارٹی ٹکٹ سے محروم کیا گیا ہو، ہر بات کاسوموٹو نوٹس لیا جاتا ہے لیکن جب (ن) لیگ کے لوگوں کو دوسری جماعتوں میں شامل کیا جاتا ہے کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا۔
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ سپریم کورٹ نے آپ کو بلایا ہے کیا کہیں گے جس پرنوازشریف نے کہا کہ ظفر اللہ صاحب آ رہے ہیں ان سے مشاورت ہوگی۔ ریحام خان سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بہترجانتے ہیں، میں بھی اخباروں میں ہی ریحام خان کی کتاب سے متعلق پڑھ رہا ہوں جب کہ مجھے نہیں معلوم یہ کیا معاملہ ہے۔
صحافیوں پر تشدد اور اغوا سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کس طرح سے کچھ لوگ آپریٹ کر رہے ہیں، تبدیلی کوکوئی روک نہیں سکتا اور تبدیلی ہو کررہے گی جو ملک کے لیے ناگزیرہے۔