پی ٹی آئی نے نیب کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا
پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کیسز بند کرنے پر نیب کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کر لیا
تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی کی زیر صدارت راولپنڈی، اسلام آباد کے پارٹی عہدیداروں ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کیسز بند کرنے پر نیب کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ اسحق ڈار کو نیب کی جانب سے کلین چٹ دے کر ان کا کیس بند کرنا نیب کی نا اہلی اور جانبداری کی زندہ مثال ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ نیب حکومتی دباؤ میں آکر فیصلے کر رہا ہے جس پر تشویش ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے پیر کے روزاسلام آباد میں نیب کے دفتر سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
احتجاج سے متعلق تمام ذمہ داریاں راولپنڈی میں قومی اور صوبائی اراکین اسمبلی جبکہ اسلام آباد میں یونین کونسلوں کے چئیرمین اور امید واروں کو سونپ دی گئی ہیں