حسن عسکری پہ تمام اعتراضات الیکشن کمیشن نے مسترد کردیئے
الیکشن کمیشن نے پروفیسر حسن عسکری کی بطور نگراں وزیراعلٰی پنجاب تقرری پر مسلم لیگ (ن) کے اعتراضات مسترد کر دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حسن عسکری کو نگراں وزیر اعلٰی پنجاب مقرر کیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) نے ان کی تقرری کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر ترجمان الیکشن کمیشن نے نون لیگ کے ردعمل پر کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بغیر دباوٴ کے کام کرتا ہے، آرٹیکل 224 اے کے تحت پروفیسر حسن عسکری کو نگراں وزیراعلی پنجاب بنانے کا فیصلہ کیا، کمیشن نے تینوں صوبوں پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلی متفقہ طور پر مقرر کئے۔ الیکشن کمیشن حکام نے نون لیگ کا حسن عسکری کے نام پر نظرثانی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کسی کے ایما اور خواہش پر نہیں بلکہ میرٹ پر فیصلے کرتا ہے، الیکشن کمیشن پر بے جا تنقید کسی صورت مناسب نہیں، سیاسی جماعتیں فیصلہ کرنے میں ناکام ہوئیں تو ہی الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعد رفیق، احسن اقبال سمیت (ن) لیگ کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں حسن عسکری کی بطور نگراں وزیراعلی پنجاب تقرری کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حسن عسکری کا تقرر کرکے انتخابات کو شبہ میں ڈال دیا ہے، حسن عسکری جانبدار اور پی ٹی آئی کے حامی ہیں، ان کے نام پر نظرثانی کی جائے۔