Featuredاسلام آباد

ڈاکٹر عافیہ کی زندگی کے بارے میں وزارت خارجہ سے جواب طلب

سپریم کورٹ نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی زندگی کے بارے میں وزارت خارجہ سے جواب طلب کرلیا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کی اپیل پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عافیہ صدیقی کی زندگی سے متعلق متضاد اطلاعات آرہی ہیں، افواہ ہے ان کا انتقال ہو چکا ہے۔ فوزیہ صدیقی نے جواب دیا کہ پاکستانی خاتون سفارتکار نے عافیہ صدیقی سے ملاقات کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندہ ہیں۔ چیف جسٹس نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی زندگی سے متعلق وزارت خارجہ سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں پاکستانی سفارتخانے سے درست اطلاع آنے دیں۔سماعت کے بعد ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کیسے یقین ہو کہ عافیہ حیات ہیں، نہ ہماری عافیہ سے بات ہوئی نہ ہی کسی قابل اعتماد ذرائع سے کوئی خبر ملی۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پاکستانی قونصل جنرل نے عافیہ سے دو گھنٹے ملاقات کا دعویٰ کیا ہے لیکن قونصل جنرل ہمیں اس ملاقات کا کیا ثبوت دے سکتی ہیں، تاہم اب چیف جسٹس نے عافیہ کے زندہ ہونے کا ثبوت مانگ لیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ عافیہ سے اہل خانہ کی ملاقات اور واپسی کا عمل شروع کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close