اسلام آباد
ایل او سی پر اشتعال انگیزی ؛ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی
اسلام آباد: پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے نتیجے میں شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے احتجاج کیا گیا، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں شہری کی شہادت پر احتجاج کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ روز 12 جون کو بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جس کے نتیجے میں چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہری محمد شکیل شہید ہوگیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس بھارتی فائرنگ سے اب تک 29 شہری شہید اور 117 زخمی ہوچکے ہیں۔