100 روپے کے کارڈ اور لوڈ پر پورا بیلنس ملنا شروع
اسلام آباد: موبائل فون صارفین کو 100 روپے کا کارڈ اور لوڈ کروانے پر پورا بیلنس ملنا شروع ہوگیا ہے۔
متعلقہ حکام اور اداروں نے عدالتی حکم پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ٹیلی کام انڈسٹری نے ٹیکس کٹوتی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آج سے موبائل کارڈ پر کوئی ٹیکس کٹوتی نہیں کی جارہی۔ صارفین کو 100 روپے کا بیلنس لوڈ کرانے پر پورے 100 روپے ملنا شروع ہوگئے ہیں اور ہر 100 روپے کے لوڈ پر 35.62 روپے کی ٹیکس کٹوتی ختم کردی گئی ہے۔
تاہم عوام کے لیے خوشی کے یہ لمحات عارضی ہیں اور ریلیف صرف 15 روز کے لیے ہے۔ اس کے بعد ٹیلی کام کمپنیاں ایف بی آر سے مل کر ٹیکس کٹوتی کی نئی حکمت عملی تیارکریں گی اور دوبارہ سے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے موبائل کمپنیز اور ایف بی آر کو موبائل کارڈز پر وصول کیے جانیوالے ٹیکسز معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس نے قرار دیا تھا کہ سو روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر 64.38 پیسے وصول ہوتے ہیں، آج کل تو ریڑھی والا بھی موبائل فون استعمال کرتا ہے وہ ٹیکس نیٹ میں کیسے آگیا؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے سوال کیا کہ جو شخص ٹیکس نیٹ میں نہیں آتا اس سے ٹیکس کیسے وصول کیا جاسکتا ہے؟۔