پی ٹی آئی نے 7 اگست سے حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد : تحریک اںصاف ایک بار پھر 7اگست سے سڑکوں پر حکومت کے خلاف نکلے گی ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف ہرمحاذ پر جنگ جاری رہے گی۔
تفصیلات کےمطابق بنی گالہ میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے درمیان ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کیلئے لائحہ ترتیب دیا گیا ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک اںصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما میں میرا نام نہیں ہے اس لئے مجھے کسی قسم کی ڈر نہیں ہے، حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا پلاننگ کررہے ہیں اور سات اگست سے باقاعدہ سڑکوں پر آئیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 25تاریخ کو نیب کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا کیونکہ نیب وزیراعظم کے خاندان کی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات نہیں کررہا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ جب وزیراعظم کا پنا پیسہ باہر پڑا ہے تو کوئی اور کیسے ملک میں کام کرسکتا ہے ، اگر وزیراعظم کا احتساب نہ ہوا تو کسی کا بھی احتساب نہیں ہوگا ۔
عمران خان نے کہا ہے کہ جب 1999میں مارشل لا لگا تو نواز شریف کی حمایت میں کوئی بھی نہیں نکلا تھا بلکہ مٹھائیاں تقسیم ہوئی تھیں جبکہ ترکی میں لوگ جمہوریت کوبچانے سڑکوں پر ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے۔
عمران خان نے واضح کیا ہے کہ بیس سال جدوجہد مارشل لا کیلئے نہیں کی بلکہ مارشل لا کا سب سے بڑا نقصان پی ٹی آئی کو ہوگا ۔عمران خان نے کہا ہے کہ جمہورے ادارے مضبوط نہیں ہونگے تو وزیراعظم حسنی مبارک ہی رہیں گے ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی تحریکیں چلائیں گی جبکہ ہم اپنی الگ تحریک چلائیں گے ۔ عمران خان نے تیس لاکھ پارٹی ممبران سے سو سو روپے کا فنڈ مانگ لیا ہے تاکہ تحریک شروع کی جاسکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اگر سچے ہیں تو ان کو ٹی او آرز کے معاملے پر ڈرنا نہیں چاہیے ۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کو کس قانون کے تحت بری کیا گیا ہے جب اس کے خلاف بی بی سی کی ڈاکیو منٹری بھی موجود ہے ۔