آصف زرداری کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری حلقہ این اے 213 نوابشاہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے جس کے لیے انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ آصف زرداری کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں جو اثاثے ظاہر کیے ہیں ان میں کروڑوں روپے مالیت کی پراپرٹی، بلٹ پروف گاڑیاں، اسلحہ اور گھوڑے بھی شامل ہیں۔
کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق آصف زرداری 6 بلٹ پروف لگژری گاڑیوں اور ہزاروں ایکڑ اراضی کے مالک ہیں، آصف زرداری پاکستان میں ایک درجن سے زائد پراپرٹیز کے مالک ہیں جب کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 5 پراپرٹیز میں حصہ دار بھی ہیں۔ اس کے علاوہ دبئی کے شہر الصفا میں ایک پراپرٹی سمیت کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں ایک پلاٹ بھی ان کی ملکیت میں ہے۔
آصف زرداری کے پاس 3 لینڈ کروزر، 2 بی ایم ڈبلیو اور ایک لیکسز ہے، یہ سب گاڑیاں بلٹ پروف ہیں۔ گھوڑوں اور مویشیوں کی مالیت 9کروڑ ہے جب کہ ایک کروڑ 29لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ ہے۔ آصف زرداری نے لینڈ مارکس میں ایک کروڑ 29 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کی ہے جبکہ 8لاکھ 90ہزار روپے کی سرمایہ کاری اپارٹمنٹ میں ہے۔
سابق صدر نے زرداری گروپ (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور پارک لین ای اسٹیٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 10 لاکھ 7 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ زرداری گروپ کو 45لاکھ روپے ادھار بھی دیے ہیں۔ آصف زرداری کے پاس 20 کروڑ 90لاکھ روپے نقد موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کلفٹن میں 2 پراپرٹیز ہیں جب کہ کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں بنگلہ اور نواب شاہ میں ایک گھر ہے۔
کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق آصف زرداری نواب شاہ، ٹنڈو الہیار اور لاڑکانہ میں زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ نواب شاہ، بدین، ماتلی، ٹنڈوالہیار میں 7 ہزار 4 سو ایکڑ زرعی اراضی لیز پر بھی حاصل کی ہے۔