نواز شریف بتائیں میرے کس بیان پردکھ ہوا، اداروں سے محاذ آرائی نہ کرنے کا بیان تو ان کے بھائی بھی دیتے ہیں،چودھری نثار
اسلام آباد:سابق وزیرداخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ نوازشریف قوم کوبتائیں میرے کس بیان پردکھ ہوا، اداروں سے محاذ آرائی نہ کرنے کا بیان تو ان کے بھائی بھی دیتے ہیں.
نوازشریف کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے چودھری نثارکاکہنا تھا کہ میاں صاحب کو صرف اپنے دکھ کااحساس ہے دوسروں کانہیں،اداروں سے محاذ آرائی نہ کرنے کے بیان پر دکھ ہوا تو وہ یہ بات نواز شریف کے بھائی بھی کہتے ہیں، میاں صاحب قوم کوبتائیں میرے کس بیان پر انہیں دکھ ہوا،نواز شریف کو اس دکھ کا احساس بھی نہیں جو وہ دوسروں کو پہنچاتے ہیں،انہیں اس بات کا احساس ہی نہیں کہ ان سے کسی اور کوبھی دکھ پہنچتا ہو گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے بیان کی تائید دیگر پارٹی کارکنا ن بھی کرتے ہیں ا ن کی بات پر دکھ نہیں ہو ا،میاں صاحب کو تو اس وقت بھی دکھ نہیں ہوا جب میرے خلاف پروپیگینڈاکیا گیا۔
واضح رہے کہ لند ن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے بیان دیا تھا کہ مجھے چودھری نثار کے بیان پر بہت دکھ ہوا لیکن اس لئے کچھ نہیں کہتا کیونکہ میں اس وقت اس سے زیادہ ضروری کام کر رہا ہوں۔