عمران خان اور مریم نواز دونوں کو زوردار جھٹکا لگ گیا، وہ کام ہو گیا جو انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا
اسلام آباد:عمران خان اور مریم نواز میں اگرچہ بعدالمشرقین ہے، ایک کی برائی دوسرے کی نظروں میں بھلائی قرارپاتی ہے لیکن اب ایک ایسا کام ہو گیا ہے کہ دونوں کو ہی زور دار جھٹکا لگ گیا۔ یہ جھٹکا انہیں پاکستان کے سیاسی میدان میں نہیں بلکہ سوشل میڈیا کے میدان میں لگا ہے جہاں ٹوئٹر کے ایک اقدام کی وجہ سے ان دونوں کے فالوورز کی تعداد میں خاطرخواہ کمی واقع ہونا شروع گئی ہے۔ پاکستان ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ تمام ’لاکڈ اکاﺅنٹس‘ (Locked accounts)کا خاتمہ کرنے جا رہی ہے۔ یہ ایسے اکاﺅنٹس ہیں جن پر روئیے میں اچانک تبدیلی یا ٹوئٹر کی پالیسیوں کی خلاف ورزی پرٹوئٹر کی طرف سے پابندی عائد کی جا چکی ہے، تاہم اب تک یہ اکاﺅنٹ اپنی جگہ موجود تھے، ان پر صرف ایک تالہ لگا ہوا نظر آتا تھا۔ اب ان اکاﺅنٹس کو ہٹایا جا رہا ہے۔
چونکہ عمران خان اور مریم نواز کو بڑی تعداد میں ان لاکڈ اکاﺅنٹس نے بھی فالو کر رکھا تھا لہٰذا جوں جوں یہ اکاﺅنٹ ہٹائے جا رہے ہیں ، ان کے فالوورز کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ ٹوئٹر انتظامیہ کے اس اقدام کے نتیجے میں گزشتہ دو دن میں عمران خان 75ہزار 634فالوورز کھو چکے ہیں اور مریم نواز کے فالوورز کی تعداد میں 29ہزار 274کی کمی آ چکی ہے۔یہ صرف عمران خان اور مریم نواز پر ہی موقوف نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے دیگر تمام لوگ جن کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے وہ بھی اس کی زد میں آ رہے ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد میں بھی کمی آ رہی ہے۔گزشتہ دو دنوں میں بلاول بھٹو کے فالوورز میں 16ہزار 557کی کمی ہوئی ہے۔