بھارتی وزیرداخلہ کی آمد سے پہلے اسلام آباد ”گو انڈیا گو“ کے نعروں سے گونج اٹھا
اسلام آباد :بھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ پاکستان کےخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کا اسلام آباد ایکسپریس وے پر مظاہرہ۔ فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا دے دیا۔ مظاہرین نے بھارت کےخلاف نعرے لگائے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے پر ”گوانڈیاگو“ کے نعرے گونج اٹھے۔ بھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کی پاکستان آمد پر کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر زبردست احتجاجی مظاہر ہ کیا۔ سیکڑوں مظاہرین فیض آباد انٹرچینج پر سڑک کے عین درمیان دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔
مظاہرین نے بھارت کےخلاف شدید نعرے بازی کی۔ ان کاکہنا تھا کہ بھارتی وزیرداخلہ کے ہاتھ معصوم کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے بھارتی وفد کو خوش آمدید کہنا افسوسناک ہے۔ مظاہرے کی وجہ سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہو گیا۔
ایئرپورٹ چوک سے لے کر فیض آباد تک ہزاروں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سرکاری دفاتر کو جانے والے ملازمین اور عام افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرہ ختم ہوا توٹریفک بھی رواں دواں ہوگئی۔ اس موقع پر جڑواں شہروں سے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔