اسلام آباد

آج کا پاکستان 2013ءسے زیادہ پرامن‘ خوشحال اور مستحکم ہے : وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو درپیش چیلنجوں کے مزید پیچیدہ ہونے سے پہلے ان سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔ وہ آج وفاقی دارالحکومت میں اہم ملکوں اور کثیر الجہتی اداروں میں تعینات پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا آج کا پاکستان 2013ءسے زیادہ پرامن‘ خوشحال اور مستحکم ہے‘ تصادم میں الجھنے سے اقتصادی میدان میں پیش قدمی رک جائے گی۔ دوستانہ تعلقات کی کاوشوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ ایسے مسائل ہیں جن پر پاکستان کو تشویش ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ دوسرے ممالک اس حوالے سے احتیاط برتیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہو سکتا ہے کہ دوسرے ملکوں کے بھی جائز تحفظات ہوں جنہیں ہمیں سمجھنا ہو گا۔

اس سے پہلے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کے ماضی کے مقابلے میں آج دنیا کے ساتھ زیادہ روابط ہیں۔ سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی نشست میں شرکاءکی سفارشات اور تجاویز کا لب لباب پیش کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہاکہ تین سال کا جائزہ ذرائع ابلاغ کے ایک حصے کے اس نقطہ نظر کی تائید نہیں کرتا کہ پاکستان تنہا ہو رہا ہے اور اس کی خارجہ پالیسی کی سمت غلط ہے۔

سرتاج عزیز نے کہاکہ آج ہم ماضی کی نسبت زیادہ مستحکم ہیں۔ وزیراعظم کے ایک مضبوط خودمختار اور خوشحال پاکستان اور پرامن ہمسائیگی کے نصب العین پرپوری تندہی سے عملدرآمد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خارجہ پالیسی میں حکومت کی نمایاں کامیابیوں کی عکاسی چین پاکستان اقتصادی راہداری اور چین کے ساتھ تذویراتی شراکت دار ی میں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے امریکہ ، یورپی یونین اور روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کے قیام سمیت مسلمان ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی فروغ دیاہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close