عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم: ووٹوں کی گنتی شروع
ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم ایسے پولنگ اسٹیشنز جہاں ووٹرز اب بھی قطاروں میں موجود ہیں، انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت ہے۔
عام انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بلاتعطل شام 6 بجے تک جاری رہی جب کہ مختلف شہروں میں کئی حلقوں پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں۔
پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد جیو نیوز کو انتخابی نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے تاہم الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت نتائج 7 بجے سے پہلے نشر نہیں کیے جاسکتے۔
جیو نیوز پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے نتائج 7 بجے سے نشر کرے گا۔
قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں اور صوبائی اسمبلیوں کے 577 میں سے 570 حلقوں کے لیے ملک بھر سے 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 رجسٹرڈ ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جانا تھا۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 8 حلقوں پر انتخابات ملتوی کیے گئے جہاں الیکشن اب بعد میں ہوں گے، جن حلقوں میں آج انتخابات نہیں ہوئے، ان میں قومی اسمبلی کے دو حلقے این اے 60 راولپنڈی اور این اے 103 فیصل آباد شامل ہیں۔
صوبائی اسمبلیوں کے حلقے پی کے 78 پشاور، پی کے 99 ڈیرہ اسماعیل خان، پی پی 87 میانوالی، پی پی 103 فیصل آباد، پی ایس 87 ملیر اور پی بی 35 مستونگ پر انتخابات اب بعد میں ہوں گے۔
اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 6 کشمور سے میر شبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔