نتائج کی بندش کا الزام، الیکشن کمیشن میدان میں آگیا، واضح اعلان کردیا
پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں نتائج سامنے آنے کے سلسلہ جاری ہے ،لیکن قومی اسمبلی کی بعض نشستوں پر ابھی تک ابتدائی نتائج بھی سامنے نہیں آئے اس حوالے سے چھ سیاسی جماعتوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔دوسری جانب سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ مجھے وہ آر او بتا یا جائے جو رزلٹ نہیں دے رہا،میں ایکشن لوں گا ،میں نے ڈی آر او سے اس بارے میں معلومات حاصل کی ہیں،ڈی آر اولاہور اورراولپنڈی سے بات ہوئی ،ڈی آر او کے پاس اس طرح کی شکایت لے کر کوئی نہیں آیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر فارم 45کا مسئلہ ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے ،ہماری اطلاع کے مطابق فارم 45تمام پولنگ ایجنٹس کو دئیے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تجزیہ کار حامد میر ،ارشاد چودھری ودیگر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی 30نشستیں ایسی ہیں جن پر ابھی تک کوئی ایک رزلٹ بھی سامنے نہیں آیا جبکہ مسلم لیگ ن ، پاک سرزمین پارٹی ، ایم کیو ایم سمیت 6سیاسی جماعتیں پولنگ ایجنٹس کے پولنگ سٹیشنز سے نکالے جانے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہیں۔