خطے میں امن اور ترقی کیلئے سارک ممالک کا باہمی تعاون ضروری ہے : وزیراعظم
اسلام آباد : سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں وزیراعظم نواز شریف نے خطے میں امن کے لیے تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے خطے کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ چودھری نثار نے افتتاحی خطاب میں تمام رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کا خیرمقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے تمام رکن ممالک کو مل کر اقدامات کرنا ہونگے۔ سارک کانفرنس کی میزبانی کا شرف حاصل کرنا پاکستان کے لیے باعث خوشی ہے۔ کانفرنس میں تمام اہم امور پر بات چیت ایجنڈے میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے واضح کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس سے قبل وزیر داخلہ چودھری نثار نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ سارک ممالک انسداد منشیات اور امن کے لیے کوشاں رہیں۔ خطے کو در پیش مسائل کے حل میں کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک کو ایک کامیاب تنظیم دیکھنا چاہتا ہے۔ اجلاس میں بھارت‘ سری لنکا‘ مالدیپ‘ بھوٹان اور سری لنکا کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوئے۔