اپوزیشن جو بھی حلقہ کہے گی ہم کھول دیں گے اور تحقیقات کروائیں گے: عمران خان
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے خدشات کے اظہار پر سب سے بڑاعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی حلقہ کہیں گے ہم کھلوائیں گے اور تحقیقات کروائیں اور آپ کی پوری مدد بھی کریں گے ۔اپنے تمام مخالفین کو معاف کرتا ہوں، ہماری حکومت میں کسی مخالف کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، قانون کی بالادستی قائم کی جائے گی، ہمارا کوئی آدمی غلط کرے گا تو اسے پکڑیں گے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کاکہناتھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتاہوں 22 سال کی جدوجہد جو 1996 میں شروع کی ، ،آج اللہ نے اس مقام پر پہنچایاہے اور ایک موقع دیاہے کہ اپنا نیا پاکستان بنانے خواب پورا کر سکوں، دوسرا مرحلہ یہ ہے کہ اقتدار میں آ کر وہ نظریہ نافذ کروں جو کہ میں 22 سا ل پہلے لے کر نکلا تھا ،، 22 سال پہلے میں سیاست میں اس لیے آیا تھا کیونکہ میں نے اپنا ملک اوپر جاتے ہوئے دیکھا اور پھر نیچے آتے ہوئے، اس لیے میں چاہتاتھا کہ پاکستان وہ ملک بنے جوہمارے لیڈر قائد اعظم کا پاکستان ہے ۔ان کا کہناتھا کہ یہ تاریخی الیکشن ہے ، اس میں لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ، اس میں دہشتگردی ہوئی ہیں ، میں بلوچستان کے لوگوں کو داد دیتاہوں کہ جس طرح وہ لوگ نکلے ہیں میں پاکستان کی طرف انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہتاہوں ، جس طرح بوڑے معذور گرمی کی انتہا میں ووٹ دینے کیلئے نکلے ، بیرون ملک سے پاکستانی ملک میں آئے ، میں ان سب کو داد دینا چاہتاہوں کیونکہ انہوں نے جمہوریت کو مضبوط کیاہے ۔ ہم جمہوریت کا عمل بڑھتا ہو ا دیکھ رہے ہیں ، ہمارے اکرام گنڈا پور خود کش حملے میں شہید ہوئے ،اس سے پہلے ہارون بلور شہید ہوئے ، اس کے باوجود یہ الیکشن کا عمل مکمل ہوا ، اس میں سیکیورٹی فورسز کو بھی داد دیتاہوں ۔انہو ںنے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتاہوں ہم کامیاب ہوئے اور مینڈیٹ ملا ،ہم چاہتے ہیں پاکستان میں ایسا انسانیت کانظام ہوجہاں کمزور طبقے کی ذمہ داری لیں ، یہ جانوروں کا نظام ختم ہونا چاہیے، کمزور بھوکے مر رہے ہیں ، ہماری ساری پالیسرز کمزور طبقے کو اٹھانے کیلئے بنیں گی ، گندہ پانی پینے سے ہمارے بچے مرتے ہیں ، ہمارے پاس صاف پا نی نہیں ، ہم اپنا رو زور لگائیں گے اس نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کیلئے ۔عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان کو مدینے جیسی فلاحی اسلامی ریاست بناؤں گا، کسی سیاست دان پر اتنی ذاتی تنقید نہیں ہوئی جتنی مجھ پر ہوئی لیکن اس اہم موقع پر چاہتا ہوں کہ سارا پاکستان متحد ہو، اپنے تمام مخالفین کو معاف کرتا ہوں، ہماری حکومت میں کسی مخالف کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، قانون کی بالادستی قائم کی جائے گی، ہمارا کوئی آدمی غلط کرے گا تو اسے پکڑیں گے۔پی ٹی آئی چیرمین نے کہا کہ ہمارے ہاں جانوروں کا نظام ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس، کمزور کا کوئی پرسان حال نہیں، پی ٹی آئی حکومت کی ساری پالیسیاں کمزور طبقے کو اٹھانے کے لیے ہوں گی، عوام سے وعدہ کرتا ہوں ان کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کروں گا، ان کا ٹیکس چوری نہیں ہوگا، نیب اور اینٹی کرپشن کے اداروں کو مضبوط کریں گے، سرکاری اخراجات کم کریں گے، غریب ملک میں شاہانہ وزیراعظم ہاؤس زیب نہیں دیتا، ہماری حکومت وزیراعظم ہاؤس کا فیصلہ کرے گی، اسے تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا، تمام گورنر ہاؤسز کو عوامی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا، مثلا نتھیا گلی کے گورنر ہاؤس کو ہوٹل بنادیں گے۔عمران خان کا کہناتھا کہ اداروں کو مضبوط بنائیں گے وہ کرپشن ختم کریں گے ، احتساب مجھ سے اور میرے وزیروں سے شروع ہو گا ۔کرپشن اس ملک کو کینسر کی طرح کھا رہی ہے ، ہم آپ کو مثال بنا کر دکھائیں گے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے ۔اس ملک میں ہم وہ ادارے قائم کریں گے جو کہ اس ملک کے گورننس سسٹم کو ٹھیک کریں گے ، جب تک یہ ٹھیک نہیں ہوتا اس وقت سرمایہ کاری نہیں آئے گی ،ہمیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے ،کبھی پاکستان کی تاریخ میں ڈالر اتنا اوپر نہیں گیا اور روپے کی قدر اتنی کم نہیں ہوئی ۔ہم کاروبار کیلئے ماحول بناناہے ، میرے خیال میں ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی ہیں ، ہم انہیں ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے ، آج تک بیرون ملک پاکستانیوں نے اس طرح سرمایہ کاری نہیں کی جس طرح انہیں کرنی چاہیے تھی ۔