سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس کی سماعت آج اوپن کورٹ میں کرے گی
اسلام آباد :اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف شکایات سننے والی سپریم جوڈیشل کونسل آج (پیر کو) اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس کی سماعت کرے گی ۔ سماعت اوپن کورٹ میں ہوگی اور یہ پہلا موقع ہوگا جب کسی اعلیٰ عدلیہ کے جج کے خلاف کھلی عدالت میں ریفرنس سنا جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل کا 5 رکنی بینچ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف آج شام 4 بجے ریفرنس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی اپنے وکیل حامد خان کے ہمراہ ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں گے۔ یہ کیس جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے آئی ایس آئی پر الزامات کے بعد مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے ضوابط کے مطابق کسی بھی جج کے خلاف سماعت اِ ن کیمرہ (بند کمرہ) ہوتی ہے لیکن جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ان کے خلاف ریفرنس کی سماعت اوپن کورٹ میں کرنے کی استدعا کی تھی جو منظور کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی اوپن کورٹ میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس میں ان پر 8 الزامات لگائے گئے ہیں ۔ گزشتہ سماعت پر انہوں نے کیس تیار کرنے کیلئے اہم دستاویزات مانگی تھیں، سپریم جوڈیشل کونسل نے ریفرنس کی کارروائی کے حوالے سے اہم ہدایات بھی جاری کی تھیں ۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے ہدایت کی تھی کہ اس کیس کی کارروائی پر میڈیا میں آرٹیکل، ایڈیٹوریل، تبصرے یا پریس کانفرنسز نہیں کی جاسکیں گی البتہ میڈیا کونسل کی کارروائی رپورٹ کرسکتا ہے۔