چینی سفیر کی بنی گالہ آمد، عمران خان سے ملاقات
اسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر یاؤ جنگ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چینی سفیر نے انتخابات کے بعد خطاب میں چین کے بارے میں چیئرمین تحریک انصاف کے خیالات کا خیر مقدم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بانیان کی جدوجہد تاریخ میں منفرد مقام کی حامل ہے، پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے تحریک انصاف کے نظریے کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا نظریہ قابل تعریف ہے، معیشت، سفارت اور عالمی معاملات میں پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف نے تہنیتی پیغامات اور نیک تمناؤں کے اظہار پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تحریک انصاف چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کیلئے چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے اور ماحولیات کے تحفظ اور ایکو سولائزیشن کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ اشتراک میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت سبز ترقی، نیشنل پارکس اور قابل تجدید توانائی کے فروغ میں بھی چین کی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانا چاہے گی۔