نواز شریف جیل جاکر بھٹو یا زرداری نہیں بن سکتے، نفیسہ شاہ
تحریک انصاف کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف جیل جاکر ذوالفقار علی بھٹو یا آصف زرداری نہیں بن سکتے، آنیوالے میں دنوں میں تحریک انصاف میں جوتیوں میں دال بٹے گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جب بھی کردار ادا کیا ہے جمہوریت کے لئے ادا کیا ہے، اس وقت ہم ملک کی سوچ رہے ہیں، ڈالر ایک سو تیس روپے تک پہنچ گیا ہے اور اب یہ مزید بھی چڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا پریشر ساری جماعتوں پر ہے، نیب کے کیسز تحریک انصاف، مسلم لیگ ن پر بھی ہیں، پیپلز پارٹی نے جتنا اینٹی کرپشن کے کیسز کا سامنا کیا ہے کسی نے نہیں کیا، ہم اس کے عادی ہیں، آصف زرداری نے 11 سال جیل کاٹی ہے، ہمارا دہائیوں سے یہ موقف رہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے لئے قربانی دیتی رہی ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں کہا گیا تھا کہ ہم حلف نہیں لیں گے لیکن ہم نے ان کو قائل کیا کہ جمہوریت کے لئے حلف لینا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں مسلم لیگ ن کو سپورٹ نہیں کیا، پنجاب میں جس پارٹی کی اکثریت ہے اس کو حکومت بنانی چاہیئے، وفاق میں یہ بات چل رہی تھی کہ سب جماعتیں مل کر حکومت بنالیں لیکن پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارے لئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک مصنوعی طاقت ہے اور اس کو بنایا گیا ہے، اس کا ان کو آنیوالے دنوں میں پتہ چلے گا جب جوتیوں میں دال بٹے گی، تحریک انصا ف میں ابھی سے اختلافات شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جیل جاکر نہ آصف زرداری بن سکتے ہیں اور نہ ذوالفقار علی بھٹو بن سکتے ہیں۔