ایم کیو ایم کا وفاقی حکومت میں پی ٹی آئی کی حمایت کرنے کا فیصلہ افسوسناک ہے:سینیٹر تاج حیدر
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی سینٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا وفاقی حکومت میں پی ٹی آئی کی حمایت کرنے کا فیصلہ افسوسناک ہے، ایم کیو ایم جو اپنی پارٹی کی بنیاد ہی کراچی کے عوام کی محرومی پر قائم کرتی ہے ، اس نے کراچی کے عوام کو ووٹ کے حق کو تھوڑے سے فائدے کے لئے بیچ دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ اس وقت قوم کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ انتخابات 2018ء میں دھاندلی ہے اور اس دھاندلی سے سب سے زیادہ فائدہ پی ٹی آئی کو پہنچایا گیا ہے، یہ دھاندلی جمہوریت کی کمر میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام جمہوریت پسندوں کو متحد ہونا چاہیے اور اختلاف پس پشت رکھ دینے چاہئیں، پاکستان پیپلزپارٹی اس بات پر بھی یقین رکھتی ہے کہ حزب مخالف میں رہ کر بھی ملک اور عوام کی خدمت کی جا سکتی ہے، پارٹی کی سندھ میں حکومت حزبِ اختلاف کو ساتھ لے کر چلے گی اور مسائل کا متفقہ حل نکالنے کی کوشش کرے گی اور یہی جمہوریت کی روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یونین کونسل کے انتخاب میں بھی منتخب نہیں ہو سکتے انہیں کراچی کے عوام پر مسلط کر دیا گیا ہے، ایم کیو ایم کو کراچی کے عوام کے حق رائے دہی کو اپنے تھوڑے سے فائدے کے لئے نہیں بیچنا چاہیے تھا۔