”ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ کیساتھ۔۔۔“ عمران خان نے امریکی سفیر سے قوم کے دل کی بات کہہ دی
اسلام آباد : متوقع وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکہ کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتے ہیں۔قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور کی قیادت میں وفد نے عمران خان سے ملاقات کی جس دوران پاک امریکہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات نے تاریخ میں کئی اتار چڑھاو¿ دیکھے ہیں جس کی وجہ باہمی اعتماد کا فقدان ہے۔ امریکا کے ساتھ مستحکم تجارتی اورمعاشی تعلقات کونہایت اہم سمجھتے ہیں اور اس کیساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کیلئے پرعزم ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے کیونکہ افغانستان کا استحکام پاکستان اور امریکہ کیساتھ ساتھ خطے کے مفاد میں بھی ہے لیکن جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ، اس لئے میں نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا اور خوشی ہے کہ آج امریکہ سے بھی سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہورہی ہیں۔