دہشت گردوں اور ان کے خفیہ ٹھکانوں کو پوری قوت سے ختم کیا جائے،سربراہ پاک فوج
راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے خفیہ ٹھکانوں کو پوری قوت سے ختم کیا جائے جب کہ کور کمانڈرز اور انٹیلی جنس ادارے کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹر میں کور کمانڈر کانفرنس کی صدارت کی۔ اس موقع پر شرکا کو ملک کی داخلی و خارجی سلامتی سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کور کمانڈرز اور انٹیلی جنس ادارے کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں اور تمام فوجی کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری مدد فراہم کریں اور خاص طور پر صوبائی سیکیورٹی اداروں کو تربیت، منصوبہ بندی اور وسائل فراہم کئے جائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے خفیہ ٹھکانوں کو پوری قوت سے ختم کیا جائے، کوئٹہ حملہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو ناکام بنانے کی کوشش ہے تاہم مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دے گی اور پاک فوج کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔