الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،پی ٹی آئی سر فہرست
اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کے ساتھ پارٹی پوزیشن جاری کر دی ،جس کے تحت تحریک انصاف 158 اراکین کے ساتھ سب سے آگے نکل گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 116 جنرل نشستیں جیتیں اور 9 آزادا اراکین پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے جس کے بعد ان کے ارکان کی تعداد 125 ہو گئی،تحریک انصاف کو 5 اقلیتی اور خواتین کی 28 نشستیں ملیں اس طرح ان کا مجموعی نمبر 158 تک پہنچ گیا ،پاکستان مسلم لیگ ن نے انتخابات میں قومی اسمبلی کی 64 نشستیں جیتیں،مسلم لیگ ن کو مخصوص اقلیتی دو اور خواتین کی 16 نشسیتیں ملیں جس کے بعد ان کی تعداد 82 ہو گئی ہے،پیپلز پارٹی نے 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، اس طرح انہیں دو اقلیتی اور 9 خواتین کی مخصوص نشستیں ملیں جس کے بعد ان کا نمبر 53 تک پہنچ گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق متحدہ مجلس عمل نے 12 ،ایم کیو ایم پاکستان نے 6 ،پاکستان مسلم لیگ (ق) اور بلوچستان عوامی پارٹی نے 4، 4 ،بلوچستان نیشنل پارٹی تین ،گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے )نے دو جبکہ عوامی نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی نے قومی اسمبلی کی ایک ایک نشست جیتی ان تمام پارٹیوں میں کوئی بھی آزاد امیدوار شامل نہیں ہوا۔
اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی 13 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے جن میں سے 9 نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور 4 نے اپنی آزاد حیثیت کو برقرار رکھا جب کہ تین نشستوں پر انتخابات ملتوی ہوئے یا ان کے نتائج رکے ہوئے ہیں۔