سپیکرقومی اسمبلی کیلئے خورشید شاہ اور اسد قیصر کے کاغذات نامزدگی جمع
اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی کےلئے تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر اور ہم خیال جماعتوں کے امیدوارخورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔
تحریک انصاف کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کےلئے اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر کےلئے قاسم سوری نے اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرادیئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس پہنچے جہاں انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کےلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، وہ متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار ہیں۔
ڈپٹی سپیکر کےلئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار سعد محمود نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے خورشید شاہ کے کاغذات نامزدگی وصول کئے اس موقع پر دونوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
سیکرٹری قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے جس پر خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی۔
سپیکر قومی اسمبلی کےلئے خورشید شاہ کے تجویز کنندگان میں ان کے دیرینہ دوست سید نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت مہیسر اور شاہدہ رحمانی شامل ہیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سپیکر شپ کےلئے پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور متحدہ اپوزیشن کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔