تربیلا ڈیم بھر گیا، یونٹ 17 مٹی آنے سے بند ، بجلی کی پیداوار میں 380 میگاواٹ کی کمی
اسلام آباد: حالیہ بارشوں کے نتیجے میں تربیلا ڈیم مکمل بھرچکا ہے جس کے باعث سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ تربیلا میں یونٹ 17 بند ہونے سے بجلی کی پیدوار میں 380 میگاواٹ کی کمی بھی آئی ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلاڈیم مکمل طورپربھرلیاگیا ہے۔ تربیلاڈیم میں اس وقت پانی کی سطح 1550 فٹ ہے جبکہ اس میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح بھی اتنی ہی ہے جس کی وجہ سے سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ تربیلاجھیل میں قابل استعمال پانی کاذخیرہ 6 اعشاریہ 047 ملین ایکڑ فٹ ہے، تربیلا میں پانی کی آمد دو لاکھ 24 ہزار 800 کیوسک ہے جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ 81 ہزار 100 کیوسک ہے۔ ڈیم بھرنے کے باعث یونٹ نمبر 17 بند ہوگیا ہے، یونٹ کی بندش گیٹس میں مٹی بھرنے کی وجہ سے ہوئی جس کے باعث 380 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کم ہوگئی ہے۔
دوسری جانب منگلا ڈیم بھی بھر نے کے قریب پہنچ چکا ہے، منگلاڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 170 اعشاریہ 75 فٹ ہے جبکہ اس میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1242 فٹ ہے جبکہ قابل استعمال پانی کاذخیرہ 2.70 ملین ایکڑفٹ ہے۔ ترجمان واپڈا کے مطابق منگلاڈیم سے پانی کا اخراج 10 ہزار کیوسک ہے۔