Featuredاسلام آباد

وزیراعظم عمران خان کا کل سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کل سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وہ پہلا دورہ وزارت خارجہ کا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا دوسرا اجلاس کل طلب کرلیا گیا جس میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں جب کہ اجلاس میں تمام وزراء کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو وزارت خارجہ کے مختلف شعبوں اور ذمہ داریوں پر بریفنگ دی جائے گی اور پاکستان کے غیر ملکی سفارتی مشنز میں تعیناتیوں اور کارکردگی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو افغانستان، بھارت اور امریکا سے تعلقات پر تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا جس کے بعد وزیراعظم خارجہ پالیسی کے حوالے سے گائیڈ لائنز بھی جاری کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کل ساڑھے 4 بجے پریس کانفرنس کریں گے جس کے دوران وہ وزیراعظم کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں خارجہ پالیسی کا احاطہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کے ستمبر کے اجلاس میں پاکستانی مؤقف سے متعلق ہدایات دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے دوسرے اجلاس کے دوران وفاقی وزارت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (کیڈ) کو ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی اور وزارت کیڈ کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کردیا جائے گا۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزارت کیڈ کے اداروں کو مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کیا جائے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم عمران خان کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ملک کی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔ یاد رہے کہ وزارت کیڈ کو پیپلز پارٹی کے دور میں قائم کیا گیا تھا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بھی اس وزارت کو جاری رکھا، اس وزارت کے تحت 422 تعلیمی ادارے، وفاقی دارالحکومت کے اسپتال اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اٹھارٹی (سی ڈی اے) اس وزارت کے ماتحت کام کر رہی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close