پی ٹی آئی نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کردیا
اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کر دیا ہے اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو درخواست بھجوا دی ہے۔ تحریک انصاف نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو نئے قائد ایوان کی درخواست بھجوا دی گئی ہے۔ درخواست پارلیمانی امور کی طرف سے بھجوائی گئی ہے اور سینیٹ سیکرٹریٹ کو نامزدگی کا خط موصول ہو گیا ہے۔
ادھر مسلم لیگ نواز کی جانب سے بھی راجہ ظفر الحق کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نامزد کیا جا چکا ہے۔ جے یو آئی (ف)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی نے راجہ ظفر الحق کی حمایت کی ہے۔ اس وقت پیپلز پارٹی کی رہنماء شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے انہیں ہٹاکر اپنا قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ کیا۔ دونوں جماعتوں میں شدید اختلافات موجود ہیں۔