کوئٹہ جیسے واقعات ہوتے رہتے ہیں، سرتاج عزیز
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ جیسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی دہشت گردوں کو ہمارے سسٹم میں گھسنے کا موقع مل جاتا ہے اور کوئٹہ جیسے واقعات ہوتے رہتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر دینا کہ پاکستان الگ تھلک اور کٹا ہوا ہے ٹھیک نہیں ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ ہمسایوں سے پرامن تعلقات برقرار رکھنا ترجیحات میں شامل ہے، بھارت سے مسئلہ کشمیر پر علیحدہ مذاکرات ہونے چاہیئے جب کہ اس حوالے سے سیکرٹری خارجہ بھارتی ہم منصب کو خط لکھیں گے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والی سفیروں کی کانفرنس کی سفارشات وزیراعظم کو بھجوا دی ہیں اور وزیراعظم سے منظوری کے بعد 7 نکاتی خارجہ پالیسی ترتیب دیں گے تاہم یہ تاثر درست نہیں کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہائی کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ کے سول اسپتال میں دھماکے کے نتیجے میں 73 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔