اسلام آباد
افغان طالبان نے پاکستانی ہیلی کاپٹر کا عملہ رہا کردیا
افغان میڈیا کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے عملے کی رہائی کی تصدیق بھی کردی ہے۔ پاکستانی خفیہ ایجنسی کے حکام نے ریڈیو ” فری یورپ “ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر کے عملے کو جمعہ کے روز کرم ایجنسی میں پاکستان کے حوالے کیا ہے ۔ دوسری طرف سرکاری ذرائع نے بھی عملے کی حوالگی کی تصدیق کردی ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کے ارکان خیریت سے ہیں اور وہ اس وقت اسلام آباد میں ہیں۔
واضح رہے کہ 4 اگست کو پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر نے ازبکستان کے راستے روس جاتے ہوئے افغان صوبے لوگر میں کریش لینڈنگ کی تھی جس کے بعد افغان طالبان نے روسی پائلٹ سمیت ہیلی کاپٹر عملے کے 7 ارکان کو یرغمال بنالیا تھا۔