وفاقی کابینہ کا صدر نیشنل بینک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صدر نیشنل بینک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں بنیادی ایجنڈا پی ٹی ائی کے 100 دن کے پلان کےعملدرآمد کا جائزہ لینا تھا جب کہ نیب کے قانون کو موثر بنانے کیلیے ترامیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان ترامیم کے لیے وزیرقانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنادی گئی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سی پیک کا ریویو کیا گیا، سی پیک کے 28 ارب کے پراجیکٹ جاری ہیں جب کہ سول قانون میں ترمیم کیلیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے اور ایک کروڑ نوکریاں اورپچاس لاکھ گھروں کے لیے بھی ٹاسک فورس بنادی ہے جس کے لیے 90 دن کا ٹائم مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پراجیکٹس کے لیے ایک ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ چیئرمین نیشنل بینک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا کیوں کہ وہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں جب کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں شاہ محمود قریشی اور خسر بختیار شامل ہیں، کمیٹی (ن) لیگ اور دیگرسے رابطہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ اجلاس میں خواتین کا وراثت میں حصہ یقینی بنانے کیلئے قانون میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ہیلی کاپٹر کا استعمال وی آئی پی کلچر نہیں، سیکیورٹی کے ساتھ وزیراعظم کے بنی گالا جانے سے عوام کو مشکلات ہوں گی، وی آئی پی کلچر اور سیکیورٹی میں فرق کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہر 15 دن بعد تمام ٹاسک فورسزسے پیشرفت رپورٹ لیں گے جب کہ گورننس کے حوالے سے بھی ریفارمز کی جائیں گی۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کےعمل کو تیز کرنے کے لیے کمیٹی بنادی ہے جس میں گورنر، وزیراعلٰی، وزیر دفاع اور مشیراسٹیبلشمنٹ کو شامل کیا گیا ہے جب کہ احتساب کے معاملے پرکوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم کےمشیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دو ستمبرکو ملک بھرمیں 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور اس دن پلانٹ فارپاکستان ڈے منایا جائے گا۔