مسئلہ کشمیر ہر عالمی فورم پر اٹھائیں گے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق عالمی ادارے کی رپورٹ اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر اٹھائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود نے ملاقات کی اور منصب سنبھالنے پر انھیں مبارکباد دی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور ظلم و بربریت پر او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے عالمی کمیشن کے قیام اور مستقل میں ایسے واقعات روکنے کیلئے دی گئی سفارشات کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان او ایچ سی ایچ آر کی رپورٹ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائے گا۔ پاکستانی حکومت اور عوام ہر سطح پر تعاون کے لئے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔