Featuredاسلام آباد

افواجِ پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، مسلح افواج کی قربانیوں سے مادرِ وطن کے استحکام کو مزید دوام ملا ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع پاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال یوم دفاع پاکستان نہایت منفردہے، ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کاعنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کا جذبہ صرف6 ستمبر تک محدود نہیں اس کی حقیقی روح سال بھر زندہ رہتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اہل پاکستان اور افواجِ پاکستان کا یہ جذبہ پوری دنیا دیکھ چکی ہے، گزشتہ17سالوں میں دہشتگردی کےخلاف کٹھن جنگ میں قربانیوں کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں، جوانوں، بوڑھوں اور عورتوں نے قربانیاں دی ہیں، ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہداء اور غازیوں نے مادرِ وطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی سرانجام دیا، دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں افواج پاکستان کی جرأت کوسراہتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی، جمہوریت کی مضبوطی، عالمی امن کیلئے افواج پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرُامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، اپنے ہمسایوں سمیت پوری دنیا سے برابری کی بنیاد پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں، مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم نے 1965 اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم اور جرأت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اپنی افواج سے مل کر مادر وطن کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی مسائل کا مقابلہ قائد کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کار بند رہ کر کریں گے۔

انہوں نے تمام شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ہم ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے منطقی انجام تک بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close