وزیراعظم اورآرمی چیف سمیت اہم شخصیات کا کلثوم نواز کے انتقال پر اظہارافسوس
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اورملک کی دیگر قیادت نے کلثوم نواز کے انتقال پردکھ کا اظہار کیا ہے۔
سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ملک بھر کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے گہرے دکھ اوردلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نوازکی وفات پردکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نوازبہادرخاتون تھیں، حکومت محترمہ کلثوم نوازکے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعظم کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کومرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔
آرمی چیف
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نوازکے انتقال پرغمزدہ خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی بیگم کلثوم نوازکوجواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
شہبازشریف
مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف کا کہنا تھا کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کیلئے بڑا دھچکا ہے، نوازشریف نے ہرمشکل وقت میں اہلیہ سے مشاورت کی، مرحومہ نے گھر بھی سنبھالا، آزمائش پڑی توچاردیواری سے باہرنکلیں۔ انہوں نے کہا بیگم کلثوم نواز مشکل حالات میں باہرنکلیں اورڈکٹیٹر شپ کو چیلنج کیا۔
اس خبرکو بھی پڑھیں: بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں
بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیگم کلثوم نوازکے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال پردکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نوازنہایت نفیس خاتون تھیں، ان کی جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
گورنر پنجاب کا اظہار تعزیت
گورنرپنجاب چوہدری محمد سرورنے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ مرحومہ کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر وہمت عطا کرے۔