اسلام آباد

سی پیک کو منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی، شہباز شریف

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) گیم چینجر ہے جس کو منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہونے والی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔

چیمبر کے جائزے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے حکومت کی فیصلہ سازی کی قوت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ میڈیا پر اعلان ہوا جس پر ہم نے آواز اٹھائی تو وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اب اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر کرنے کی خبر آئی، حکومت فیصلہ کرکے پیچھے ہٹنے سے کیا تاثر دے رہی ہے؟

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سی پیک گیم چینجر ہے جس کو منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی، قوم کے ساتھ یہ زیادتی نہ کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کو بے پناہ فائدہ ہوگا جس سے زراعت اور کاروبار کو فروغ ملے گا، یہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے تحفہ ہے لہٰذا اس کو منجمند کرکے کفران نعمت نہیں کرنا چاہیئے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے ‘فنانشل ٹائمز’ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِثانی پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ سابق حکومت نے سی پیک پر چین سے بات چیت میں اپنی ذمے داری بخوبی نہیں نبھائی، تیاری کے بغیر مذاکرات اور معاہدے کرنے سے چین کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا اور چینی کمپینوں کو ٹیکس بریک اور دیگر مراعات دینے سے پاکستانی کمپنیاں نقصان میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عبدالرزاق داؤد نے یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ اپنے اُمور منظم کرنے تک ان معاہدوں پر فی الحال ایک سال کے لیے عملدرآمد روک دینا چاہیے اور سی پیک کی مدت کو مزید 5 سال کے لیے بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔

تاہم وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق برطانوی اخبار کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو سے متعلق وضاحتی بیان میں کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے کے حوالے سے حالیہ انٹرویو کے کچھ حصے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے گئے۔

مشیر تجارت نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کے دورے میں اسٹریٹیجک تعاون جاری رکھنے اور سی پیک منصوبوں کو پورا کرنے کے عزم کو دہرایا گیا اور اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close