شیخ رشید اِن ایکشن،پنڈی بوائے کا نیا مشن شروع
شیخ رشید اِن ایکشن،پنڈی بوائے کا نیا مشن شروع ہورہا ہے، ریلوے والو ہوشیار، خبردار رہو ،شیخ صاحب چائے والے، مسافر، قلی کے روپ میں سامنے آسکتے ہیں،شیخ رشید کو پہچاننا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
وزیرریلوے شیخ رشید نے روپ بدل بدل کر ٹرینیں چیک کرنے کا اعلان کیا کیا، قیاس آرائیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ،کیوں کہ وفاقی وزیرخود میدان میں آگئے ہیں،ٹرینوں کی صورت حال، عملے کے رویے اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے کیلئے انہوں نے بھیس بدل کر ٹرینیں چیک کرنے کی ٹھان لی ہے ۔
تو جناب ذرا احتیاط سے،کہیں ایسا نہ ہو کہ شیخ صاحب، ریل میں چائے بیچنے والے کے روپ میں داخل ہوں اور ریلوے کا عملہ انہیں پروٹوکول میں تلاش کررہا ہو۔
شیخ صاحب ون ٹو کا فور اور فور ٹو کا ون کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کیلئے قطار میں لگ کر ٹرین کا ٹکٹ بھی خرید سکتے ہیں،یہی نہیں وہ مسافروں کی مشکلات جاننے کیلئے قلی کا روپ بھی دھار سکتے ہیں،یعنی کہ اب کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
ریلوے اسٹیشن پر کھڑے ہر دوسرے شخص پر شیخ ہونے کا گمان ہوسکتا ہے، اب ریلوے کے عملے کو پھونک پھونک کر قدم رکھنے ہوں گے ، کیونکہ اب شروع ہوگیا ہے شیخ کا مشن امپاسیبل۔