نواز، مریم،صفدر جاتی امراء سے جیل روانہ
سابق وزیر اعظم نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ساتھ جاتی امراء سے اڈیالہ جیل جانے کے لیے روانہ ہوگئے،اڈیالہ جیل کے تین افسربھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدرکو پہلے لاہور ایئرپورٹ لے جایا جائے گا، جہاں سے ان کو راولپنڈی لے جانے کے لیے خصوصی طیارے کا انتظام کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شریف فیملی کے 3 افراد کو ایئر پورٹ تک ساتھ جانے کی اجازت دی گئی ہے جس کے بعد حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور یوسف عباس نواز شریف کے ساتھ ایئرپورٹ تک جائیں گے۔
حکام کی جانب سے ان تینوں افراد کو ایئر پورٹ کے اندر جانے کی اجازت دی گئی ِ ہے،جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو نواز شریف کے ساتھ راولپنڈی تک جانے کی اجازت ملی ہے۔
واضح رہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کے لیے پرول پررہا کیا گیا تھا جس کی مدت آج سہ پہر 4 بجے ختم ہورہی ہے۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے پہلے 12 گھنٹے کے لیے پرول پر رہا کیا تھا جس کے بعد اس کی مدت میں 4 روزکی توسیع کی گئی، اور اب ان کی پرول پر رہائی میں کچھ ہی گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور 13 جولائی سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔