وزیراعظم کی توانائی اور انفرااسٹرکچر منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ توانائی اور دیگر انفرااسٹرکچر منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے سمیت ملک بھر میں جاری توانائی اور انفرااسٹرکچر منصوبوں پر غور کیا گیا جب کہ کابینہ کو سی پیک منصوبے میں پیشرفت پر خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں تھرکول ذخائر سے استفادہ نہیں کیا گیا، تھر میں کوئلے کے ذخائراستعمال کرنے کا پہلا اور سب سے بڑا حامی ہوں اگر تھر کول کے ذخائر استعمال کررہے ہوتے تو آج توانائی برآمد کررہے ہوتے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی توانائی اور دیگر منصوبے 2018 سے پہلے مکمل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے جب کہ اقتصادی راہدری منصوبے کی جلد اور بروقت تکمیل ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔