Featuredاسلام آباد

ن لیگ نے شہباز شریف کی گرفتاری پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن کو خط میں پارٹی صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین و سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کی جانب سے لکھا گیا۔

خط کے متن کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کی کوئی قانونی بنیاد نہیں اور شہباز شریف پر بد عنوانی کے الزامات سرا سر جھوٹے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف طلب کرنے پر نیب کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں اس کے باوجود ضمنی الیکشن سے قبل شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ نندی پور کیس میں بھی کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس میں کوئی گرفتاری ہوئی ہے۔

خط کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی اس طرح گرفتاری سے بدنیتی ظاہر ہوتی ہے اور ایک کیس میں بلا کر دوسرے میں گرفتار کرنا ناانصافی ہے اور شہباز شریف کی گرفتاری قبل از انتخابات دھاندلی ہے۔

راجہ ظفرالحق کے خط میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری سے نیب کی بد دیانتی عیاں ہوتی ہے، نیب اور تحریک انصاف کی حکومت کا گٹھ جوڑ ہے جب کہ عمران خان کی چیئرمین نیب سے ملاقات، وزراء کے بیانات گٹھ جوڑ عیاں کرتے ہیں۔

خط میں مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ اور صاف شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کرے اور اپوزیشن لیڈر کی رہائی کیلئے چیئرمین نیب کو ہدایت دے۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

اس کے بعد شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close