فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار
پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے۔ سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں بینچ نے فیصل رضا عابدی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت میں پیشی کے بعد جب وہ باہر نکلے تو اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ فیصل رضا عابدی کیخلاف گزشتہ شب تھانہ سیکرٹریٹ میں نئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں ان پر اعلیٰ عدلیہ کیخلاف توہین آمیز بیانات دینے کا الزام ہے۔
پیشی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی نے کہا کہ عدالت پر اعتماد کرتا ہوں تاہم پی سی او ججز پر ہمیشہ اعتراض رہا ہے، کیس پر بات کرنے کا فائدہ نہیں کیونکہ میڈیا نے چلانا نہیں، جسٹس تصدق جیلانی اور جمالی پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔ واضح رہے کہ فیصل رضاعابدی کیخلاف سپریم کورٹ کے جج صاحبان کی توہین کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں پہلے ہی دو مقدمات درج ہیں۔