پی آئی اے کا سینیٹر مشاہد اللہ کے بھائی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ
پی آئی اے انتظامیہ نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ کے بھائی ساجد اللہ کو اسٹیشن منیجر لندن کےعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے سینیٹر مشاہد اللہ کے بھائی ساجد اللہ کو اسٹیشن منیجر لندن کےعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان طلب کرلیا ہے، پی آئی اے انتظامیہ نے لندن میں تعینات مشاہد اللہ کے بھائی کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بذریعہ میل ساجد اللہ کو پاکستان واپسی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، ساجد اللہ کو پی آئی اے ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مشاہداللہ کے بھائی ساجد اللہ لندن میں اسٹیشن منیجر تعینات ہیں تاہم انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ سے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی ہے، ذرائع کے مطابق ساجد اللہ کو فارن پوسٹنگ میں 3 سال کی مدت مکمل ہونے پر عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک اسٹیشن پر تعیناتی کا دورانیہ 3 سال ہے، ساجد اللہ اپنی تعیناتی کی مدت 3 سال مکمل کر چکے ہیں تاہم ساجد اللہ کو کسی کے کہنے یا دباؤ پر واپس نہیں بلایا گیا۔