پانچ سال میں پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان اسلام آباد کے مقامی اسکول و کالج پہنچے اور علامتی طور پر جھاڑو دے کر اور پودا لگاکر صاف و سرسبز پاکستان مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پانچ سال میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، دس ارب درختوں سے پاکستان میں بارش کا سسٹم تبدیل ہو سکتا ہے اور زیر زمین پانی کی سطح اوپر آئے گی، پانچ سال کے بعد وہ پاکستان بنے گا کہ جب ہمارے لوگ یورپ جاکر واپس آئیں گے تو پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا۔
عمران خان نے کہا کہ لاہور میں آلودگی خطرناک سطح سے بھی بلند ہے، گندگی پھینک کر بچوں کا مستقبل تباہ کیا جارہا ہے، صفائی مہم کے ذریعے کچی آبادیاں بھی صاف کریں گے اور ان کے مکینوں کو گھر بناکر دیں گے، مجھے پاکستان کے نوجوانوں، اسکول کے بچوں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ سے متاثر ملکوں میں پاکستان ساتویں نمبر پر ہے، جبکہ یورپ میں آلودگی کم ہے اور دریا صاف ہیں، سرسبز پاکستان کا مطلب ماحول کی آلودگی صاف کرنا ہے، آج سے ملک بھر میں پودے لگانے کی مہم شروع کی جارہی ہے۔