اسلام آباد

پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ عملی طور پر ختم ہوگئی

اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) عملی طور پر ختم ہوگئی۔ پارٹی سربراہ ڈاکٹر امجد سمیت اے پی ایم ایل کے تمام عہدیدار مستعفی ہوگئے ہیں جس کے بعد آل پاکستان مسلم لیگ میں صرف پارٹی کی خاتون جنرل سیکریٹری رہ گئی ہیں۔

پرویز مشرف انتخابی نااہلی کے باعث پارٹی کے سرپرست اعلیٰ ہیں اور وہ قریبی عزیز ہدایت اللہ خیشگی کو پارٹی چیئرمین بنانے کے خواہشمند ہیں حالانکہ ہدایت اللہ خیشگی  اے پی ایل ایم کے رکن بھی نہیں۔

ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کے ہدایت اللہ خیشگی کے لیے اصرار پر پارٹی میں بغاوت ہوئی جس کے بعد سب ہی عہدیدار مستعفیٰ ہوئے۔

ڈاکٹر امجد نے بھی آل پاکستان مسلم لیگ کے ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف سے اصولوں پر اختلاف کرکے مستعفی ہوئے  ہیں اور جلدہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

سنگین غداری کیس کا پس منظر

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس بنایا تھا اور یہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ کسی فوجی آمر کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

مارچ 2014 میں خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ ستمبر میں پراسیکیوشن کی جانب سے ثبوت فراہم کیے گئے تھے، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے بعد خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف مزید سماعت نہیں کرسکی۔

بعدازاں 2016 میں عدالت کے حکم پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) سے نام نکالے جانے کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

رواں سال 8 مارچ سے خصوصی عدالت نے غداری کیس کی سماعتیں دوبارہ شروع کیں، تاہم 29 مارچ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیٰی آفریدی کی معذرت کے بعد سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔

عدالتی حکم نامے میں بتایا گیا تھا کہ پرویز مشرف کی جانب سے جسٹس یحیٰ آفریدی پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ جسٹس یحیٰ آفریدی سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری کے وکیل رہ چکے ہیں۔

مارچ 2016 میں سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ علاج کے لیے بیرون ملک موجود ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close