مسلم لیگ (ن) کے بنائے گئے تمام پاور پلانٹس کا آڈٹ کرائیں گے، فواد چوہدری
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ 2 سال میں بجلی کی پیداواری قیمت بڑھ کر 15 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہوئی جو 11 روپے 71 پیسے فی یونٹ میں فروخت کی جارہی ہے۔ اس طرح حکومت بجلی کی مد میں سردیوں میں ایک ارب دو کروڑ جب کہ گرمیوں میں ایک ارب 80 کروڑ روپے یومیہ نقصان برداشت کررہی ہے۔ بجلی کی قیمت نیپرا طے کرتا ہے، اس ادارے کو ہم نے نہیں گزشتہ حکومتوں نے بنایا ہے، نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کریں ورنہ روز نقصان ہوگا، اس نقصان کی وجہ سے گردشی قرضے میں ہر سال 34 ارب روپے اضافہ ہوا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ چیزوں کو بہتر اور ٹھیک کریں، ہم نے کوشش کی کہ بجلی کی قیمت بڑھانے سے غریبوں پر اثر نہ پڑے۔ مسلم لیگ (ن)نے جس طرح اداروں سے کھلواڑ کیا اس کو بھی سامنے لانا ہے۔ (ن) لیگ کے لگائے گئے پلانٹس مہنگی بجلی پیدا کررہے ہیں، قائد اعظم سولر پلانٹ دنیا کا مہنگا ترین پاور پلانٹ ہے، اس پلانٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت اس وقت 17 روپے سے زائد پڑ رہی ہے۔ تمام پاور پلانٹس کے آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں سے دو پر کام شروع ہوچکا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کو پتا ہی نہیں اور ان کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے نکل رہے ہیں، ڈاکوؤں کو پکڑنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، جب احتساب کا کہا جاتا ہے وہاں پر جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ جب ہم کہتے ہیں کہ احتساب ہونا چاہیے تو کچھ دوست کہتے ہیں اپوزیشن سے بنا کر رکھنی چاہیے، جب سب کچھ اس طرح چلنا ہے تو پھرپی ٹی آئی کو حکومت میں آنے کی کیا ضرورت تھی۔
ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ پی ٹی آئی کیخلاف تمام جماعتیں اکٹھی تھی پھر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہ کرسکیں۔ تحریک انصاف نے نئی مثال قائم کی کہ کسی وزیر نے ضمنی انتخاب والے حلقے کا دورہ نہیں کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب ، یو اے ای چین اور دیگر ممالک کی حمایت حاصل ہے، وزیر اعظم عمران خان تمام معاملات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے۔